مہر خبررسان ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے سزا یافتہ سابق وزير اعظم نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں سانپ اور مچھر ستانے لگے ہیں جبکہ اسے لوہے کی سلاخوں کے پیچھے لوہے کی چارپائی بھی مل گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز پانچ روز گزرنے کے باوجود خود کو جیل کے ماحول میں ڈھال نہیں سکے ہیں دونوں نے جیل حکام سے مچھروں، سانپوں اور صفائی ستھرائی سے متعلق شکایات کی ہیں۔
ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں پانچ روز گزر گئے ہیں لیکن دونوں ابھی تک خود کو جیل کے ماحول میں ڈھال نہیں سکے ہیں۔ ایکسپریس کے مطابق دونوں باپ بیٹی جیل میں حبس اور گرمی سے شدید پریشان ہیں۔
جیل ذرائع کا کہناہے کہ میاں نواز شریف شدید حبس کے باعث متعدد مرتبہ گھبراہٹ کا اظہار کرچکے ہیں، اس کے علاوہ دونوں باپ بیٹی جیل میں مچھروں اور سانپوں کی موجودگی کے بارے میں بھی آگاہ کرچکے ہیں۔ جیل حکام کا کہنا ہے کہ جیل میں ہر روز شام کے اوقات میں مچھر مار اسپرے کیاجاتا ہے تاہم برسات کے موسم کے باعث جیل میں مچھر زیادہ ہیں۔
آپ کا تبصرہ